
Pti Official Punjab Channel
June 12, 2025 at 04:35 PM
علی امین گنڈا پور کا طرزِ سیاست محض جذباتی نہیں، بلکہ گہری چالاکی سے بُنا گیا ایک ایسا “بیانیہ شکن” ہتھیار ہے جس میں طاقت، انتشار اور ردِ عمل کو دانستہ ہوا دی جا رہی ہے۔ اس بار واردات کی نوعیت محض سیاسی نہیں بلکہ معاشرتی شعور کے دھارے کو زہر آلود کرنے کی ایک باریک چال ہے۔ کارکنوں کو بندوق کا راستہ دکھانا، محض دشمن کو ڈرانے کا پیغام نہیں، بلکہ اپنے آپ کو دشمن کے جال میں پھنسانے کی دعوت ہے۔
یہ کھیل بہت پرانا ہے۔ پہلے محرکات پیدا کیے جاتے ہیں، پھر عوام کو اشتعال دلایا جاتا ہے، اور جب وہ جذبات کی آگ میں لپٹ کر شدت پسندی کی طرف مائل ہوں تو پوری دنیا کو کہا جاتا ہے: “دیکھو! یہ سیاسی کارکن نہیں، انتہا پسند ہیں”۔ یوں ایک پوری تحریک کو بین الاقوامی سطح پر ناقابلِ قبول قرار دینے کی راہ ہموار کی جاتی ہے۔ اور سب سے افسوسناک بات یہ کہ اس ساری حکمتِ عملی کو اندرونِ خانہ "سہولت کاری" بھی حاصل ہوتی ہے۔ کوئی میڈیا بیانیہ کو آگ لگاتا ہے، کوئی قانون سازی کے نام پر تنگ دائرہ کھینچتا ہے، اور کوئی ریاستی بیانیے میں زہر گھولتا ہے۔
ایسے میں اگر کارکن بندوق تھامے، تو وہ اپنا ہی مقدمہ کمزور کرتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے، بندوق سے حکومتیں ہلتی ہیں، لیکن دل نہیں جیتے جاتے۔ بندوق سے انقلاب نہیں آتا، انارکی آتی ہے۔ اس کے برعکس جب آواز دلیل کی ہو، زبان سچ کی ہو، اور قدم اتحاد کے ہوں، تو وہ آواز ایٹم بم سے زیادہ تباہ کن ہوتی ہے — لیکن تعمیر کے لیے!
کارکنوں سے گزارش ہے: بندوق نہیں، بیداری اٹھاؤ۔ شدت نہیں، شعور کو اپناؤ۔ ایک گولی بیس آوازوں کو خاموش کرتی ہے، لیکن ایک سچ ہزار بندوقوں کو نیچا دکھا دیتا ہے۔ انقلاب کبھی بندوق کی نالی سے نہیں نکلا، وہ ہمیشہ بیدار ذہنوں اور پختہ ارادوں سے آیا۔
جو قوم دلیل سے محروم ہو جائے، وہ دشمن کے پروپیگنڈے میں دفن ہو جاتی ہے۔ آج ضرورت ہے کہ کارکن اپنے اندر کی طاقت کو پہچانے — وہ طاقت جو نعرے سے نکلتی ہے، جو اتحاد سے جنم لیتی ہے، جو غیرت کی آگ میں کندن بنتی ہے۔ ان کی صفوں کا اتحاد، ان کے دلوں کا یقین، ان کے زبان کی للکار — یہی اصل بارود ہے۔
علی امین گنڈا پور جیسے سیاسی وارداتیے صرف اسی وقت ناکام ہوتے ہیں جب کارکن ان کی مہلک چالوں کا جواب ہوش، حکمت اور حوصلے سے دیتے ہیں۔ یہ وقت جوش کا نہیں، ہوش کا ہے۔ یہ وقت بندوق کا نہیں، بیانیے کا ہے۔ اور یہ بیانیہ صرف وہی قائم کر سکتا ہے جس کے ہاتھ خالی، لیکن دل حق سے بھرے ہوں۔
منقول
👍
🙏
14