
Tribal News Urdu
May 18, 2025 at 03:33 PM
شمالی وزیرستان: مزید دو مسلح گروہوں نے اتحاد المجاہدین پاکستان میں شمولیت اختیار کرلی ۔
میرانشاہ: (ٹرائبل نیوز ) شمالی وزیرستان کے تحصیل خیسور شریف سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی مسلح گروہ نے اتحاد المجاہدین پاکستان میں باقاعدہ طور پر شمولیت کا اعلان کیا ہے، اس گروہ کی قیادت عمر ہلال نامی شخص کر رہے ہیں، جنہیں مقامی سطح پر ایک بااثر کمانڈر تصور کیا جاتا ہے ۔
جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گروہ نے اتحاد المجاہدینِ پاکستان کے امیر حافظ گل بہادر حلیم کے ہاتھ پر ہجرت و جہاد کے لیے بیعت کی ہے اعلامیے کے مطابق گروہ نے تنظیم کے شرعی قوانین، ضوابط اور تنظیمی نظم و ضبط کی مکمل پاسداری کا عہد بھی کیا ہے ۔
اسیطرح کمانڈر ساجد سیدگی نے بھی اپنے تمام ساتھیوں کے ہمراہ تحریک طالبان پاکستان (TTP) سے علیحدگی اختیار کر لی ہے، وہ آج اتحاد المجاہدین پاکستان کے امیر حافظ گل بہادر حلیم کی قیادت میں شامل ہو گئے ہیں، کمانڈر ساجد سیدگی نے حافظ گل بہادر کی قیادت کو تسلیم کرتے ہوئے ہر شرعی حکم کی تعمیل اور مکمل وفاداری کا عہد کیا ہے، اس اہم پیش رفت سے علاقے میں اتحاد المجاهدین پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے ۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل باجوڑ ایجنسی سے بھی تحریک طالبان پاکستان کے سینئر کمانڈر ہیواد کی سربراہی میں ایک مسلح گروہ نے اسی تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی، یوں یہ ایک ہفتے کے اندر اتحاد المجاہدین پاکستان کے ساتھ الحاق کرنے والا تیسرا مسلح گروہ ہے ۔
مبصرین کے مطابق حالیہ مہینوں میں پاکستان کے قبائلی علاقوں میں بعض غیر فعال یا چھوٹے مسلح گروہوں کی ازسرِنو تنظیم بندی اور بڑی جماعتوں کے ساتھ الحاق کا رجحان سامنے آ رہا ہے، تجزیہ کار اسے ملک میں سیکیورٹی کے لیے چیلنج قرار دے رہے ہیں، بالخصوص ایسے وقت میں جب ریاستی ادارے انسدادِ دہشتگردی کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔
سرکاری سطح پر تاحال اس نئی پیش رفت پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم مقامی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے اعلانات کی مانیٹرنگ جاری ہے اور ان کے اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔
👍
1