
JUI Updates
June 11, 2025 at 02:37 PM
*حکومت نے بجٹ کے ذریعے غریب عوام کا معاشی قتل کیا ہے: اسلم غوری*
موجودہ بجٹ آئی ایم ایف کی غلامی کا ثبوت ہے
اسلام آباد ( ) جمعیۃ علماء اسلام کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے آئی ایم ایف کے اشاروں پر عوام کا معاشی گلا گھونٹنے کی سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ درحقیقت اعداد و شمار کا گورکھ دھندہ ہے، جس میں نہ عوام کی فلاح کا کوئی تصور ہے، نہ ملکی خودمختاری کا۔ اسلم غوری نے کہا کہ یہ بجٹ غریب کے خاتمے اور حکومت کو مصنوعی طور پر بچانے کا ایک خطرناک منصوبہ ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کے عوام کو عالمی مالیاتی اداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی قیمت اس وقت ملک کا ہر گھر، ہر کاروبار اور ہر فرد بھگت رہا ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کے ناقابل برداشت بلوں سے نڈھال ہیں، مگر حکمران اپنی عیاشیوں سے باز نہیں آ رہے۔ اسلم غوری نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں حکمرانوں نے اپنی تنخواہوں میں 200 فیصد اضافہ کر لیا، جب کہ سرکاری ملازمین کو صرف 10 فیصد کا لولی پاپ تھما کر ان کا مذاق اُڑایا گیا۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ بجٹ میں قرض، سود اور کرپشن کا زہر معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے، جب کہ کوئی ادارہ، کوئی منصوبہ، اور کوئی پالیسی اس سسٹم کو سنبھالا دینے کے قابل نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ معاشی سروے اور اقتصادی رپورٹوں نے حکومتی نااہلی اور بدانتظامی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ معیشت کے تمام اشاریے تنزلی کا شکار ہیں اور حکمران اب بھی اپنی ناکامیوں کا بوجھ عوام کے کندھوں پر ڈالنے پر تُلے ہوئے ہیں۔
اسلم غوری نے مطالبہ کیا کہ قوم کو معاشی استحصال سے نجات دلانے کے لیے فوری طور پر آئی ایم ایف کی غلامی ترک کی جائے، کرپشن زدہ اشرافیہ کا احتساب ہو، اور عوامی نمائندوں کو ان کے حقیقی مسائل کا حل فراہم کیا جائے۔
*جاری کردہ:*
مرکزی میڈیا سیل ، جے یو آئی پاکستان
❤️
7