ادارہ طیبہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ۔ Tayyabah Educational And Welfare Trust
ادارہ طیبہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ۔ Tayyabah Educational And Welfare Trust
May 17, 2025 at 12:06 AM
آئینہء احساسات جناب مولانا حسن کمال صاحب قاسمی کمال گرافکس میرا روڈ ممبئی شاہ امان اللہ ندوی: چراغِ علم و دانش علم و عرفان کی دنیا میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جو خاموشی سے اپنے حصے کا چراغ جلائے رکھتی ہیں نہ شہرت کی خواہش، نہ واہ واہی کی طلب، بس خلوص، اخلاص اور مسلسل جدوجہد، ایسی ہی ایک باوقار اور متین شخصیت کا نام ہے شاہ امان اللہ ندوی۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی علم کی خدمت، تربیتِ نسلِ نو اور فکری اصلاح کے لئے وقف کر رکھی ہے،ان کا قلم سنجیدگی، متانت اور حکمت کا ترجمان ہے، وہ نہ صرف خود علم کے متلاشی ہیں بلکہ دوسروں کو بھی اس کی روشنی سے بہرہ ور کرنے میں کوشاں ہیں، ان کی تحریر میں صداقت بھی ہے، حکمت بھی، اور دردِ دل بھی۔ گزشتہ کچھ عرصے سے مولانا "خود ساختہ پودا" کے عنوان سے ایک سلسلہ وار کالم تحریر فرما رہے تھے، جو فکری بالیدگی، اصلاحی جذبے اور زندگی کے مختلف پہلوؤں پر عمیق نظر کی عکاسی کرتے ہیں، الحمدللہ، اس سلسلے کی سو (١٠٠) قسطیں مکمل ہو چکی ہیں، جو بذاتِ خود ایک علمی و ادبی سنگِ میل ہے۔ اب ان تمام تحریروں کو یکجا کر کے "خود ساختہ پودا" کے عنوان سے کتابی شکل دی جا رہی ہے، جو اہلِ علم و فکر کے لئے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوگی،یہ کتاب صرف ایک مجموعۂ مضامین نہیں، بلکہ ایک جہت ہے، ایک زاویۂ فکر ہے، جو قاری کو خود شناسی، خود احتسابی اور فکری تطہیر کی طرف بلاتی ہے۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اس علمی خدمت کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اس چراغ کو مزید فروزاں کرے، اور مولانا کی یہ کاوش امت کے لیے باعثِ ہدایت و بصیرت بنے،آمین۔ حسن کمال شیخ(قاسمی) کمال گرافکس میرا روڈ ممبئی

Comments