
ادارہ طیبہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ۔ Tayyabah Educational And Welfare Trust
June 10, 2025 at 05:05 AM
چراغ فکر(یومیہ)﴿سلسلہ نمبر:،١١٣﴾
گلاب پھول------قدرت کا حسین تحفہ
✍️ شاہ امان اللہ ندوی ادارہ طیبہ
گلاب، جسے پھولوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے، اپنی خوشبو، رنگت، نزاکت اور دلکشی کی بنا پر دنیا بھر میں محبت، وفا، خوشی اور احساسات کی علامت مانا جاتا ہے قدرت کی صناعی کا یہ شاہکار نہ صرف آنکھوں کو بھاتا ہے بلکہ دلوں کو مسرّت سے بھر دیتا ہے۔
گلاب کی اقسام و رنگ
گلاب بے شمار رنگوں اور اقسام میں پایا جاتا ہے، لیکن چند خاص رنگوں کی گلاب کی اپنی الگ پہچان اور معنویت ہے۔
لال گلاب
لال گلاب محبت، عشق اور وفاداری کی علامت ہے،عاشق و معشوق کے درمیان جذبات کی ترجمانی اگر کسی پھول سے ہو سکتی ہے تو وہ لال گلاب ہی ہے۔ شاعر اور ادیب صدیوں سے لال گلاب کو اپنی تحریروں میں عشق کی تشبیہ دیتے آئے ہیں۔
سفید گلاب
سفید رنگ پاکیزگی، معصومیت اور امن کا پیامبر ہے۔ اسی لیے سفید گلاب کو دوستی، خلوص اور روحانی محبت کی علامت سمجھا جاتا ہے، بعض اوقات یہ گلاب کسی کی جدائی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بھی پیش کیا جاتا ہے۔
کالا گلاب
کالا گلاب فطرت میں نایاب ہے، اکثر یہ گہرا جامنی یا سیاہی مائل سرخ ہوتا ہے، لیکن اس کو "کالا گلاب" ہی کہا جاتا ہے، یہ گلاب اسرار، گہرائی، اور کبھی کبھی موت یا الوادعی جذبات کی نمائندگی کرتا ہے۔ کچھ اسے جدت اور بغاوت کی علامت بھی کہتے ہیں۔
پیلا گلاب
پیلا رنگ خوشی، امید اور دوستی کی علامت ہے، پیلا گلاب عموماً خوشی کے مواقع پر دوستوں کو دیا جاتا ہے، اس میں محبت کی شدت کم اور تعلق کی مٹھاس زیادہ ہوتی ہے۔
نیلا گلاب
نیلا گلاب فطری طور پر موجود نہیں، بلکہ یہ مصنوعی طریقے سے تیار کیا جاتا ہے، اس کا مطلب ہوتا ہے "ناممکن محبت" یا وہ خواہش جو پوری نہ ہو سکے۔ بعض لوگ اسے انفرادیت اور خوابوں کی تعبیر کے طور پر بھی پیش کرتے ہیں۔
گلاب صرف ایک خوبصورت پھول ہی نہیں، بلکہ اپنی مہک اور طبی فوائد کی وجہ سے بھی مشہور ہے،عطرِ گلاب، گلاب کا عرق، گلاب کا قہوہ اور گلاب کا تیل کئی بیماریوں میں مفید ہوتا ہے،اس کی خوشبو دل و دماغ کو فرحت بخشتی ہے اور اضطراب کو دور کرتی ہے۔
اردو شاعری ہو یا فارسی غزل، گلاب کی خوشبو ہر لفظ سے جھانکتی ہے، میر، غالب، اقبال، اور جوش جیسے شعراء نے گلاب کو حسن، شباب، اور نزاکت کی علامت بنا کر پیش کیا ہے، اردو ادب میں "گل و بلبل" کی ترکیبیں، "خار و گل" کی تعبیرات، گلاب کے بغیر ادھوری لگتی ہیں۔
گلاب صرف ایک پھول نہیں، احساسات، جذبات، اور انسان کی لطیف ترین کیفیات کی زبان ہے یہ پھول محبت سے لے کر جدائی، دوستی سے لے کر معصومیت، خلوص سے لے کر احتجاج تک، ہر جذبے کی نمائندگی بخوبی کرتا ہے۔
گلاب، قدرت کی طرف سے ایک ایسا تحفہ ہے جو نہ صرف ہمارے ماحول کو خوبصورت بناتا ہے بلکہ ہماری روح کو بھی تازگی بخشتا ہے۔
(سرحدی عقاب)