
زرمبش اردو | 🎙ZBC
June 12, 2025 at 07:10 AM
تربت: جبری گمشدگی کے شکار طالبعلم نعیم بشیر کو بازیاب کیا جائے، اہل خانہ
جمعرات، 12 جون 2025 / زرمبش اردو
https://urdu.zrumbesh.com/19050/
پاکستانی فورسز کے ہاتھوں مبینہ طور پر جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے 16 سالہ طالبعلم نعیم بشیر کے اہل خانہ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ نعیم بشیر کو 5 فروری 2025 کی شب تقریباً 4 بجے بہمن میں واقع ان کے گھر سے اٹھا لیا گیا تھا۔
اہل خانہ کے مطابق نعیم بشیر ایک پرامن، تعلیم دوست اور بارہویں جماعت کا طالبعلم ہے، جو اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کی غیر موجودگی نے پورے خاندان کو شدید ذہنی دباؤ، پریشانی اور بے چینی میں مبتلا کر دیا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران نعیم بشیر کے والدین اور قریبی رشتہ دار آبدیدہ نظر آئے۔ انہوں نے بتایا کہ جبری گمشدگی کو ساڑھے چار ماہ گزر چکے ہیں اور اس دوران دو عیدین بھی گزر چکی ہیں، جو ان کے لیے خوشی کے بجائے غم اور اذیت کا سبب بنیں۔
اہل خانہ نے کہا کہ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور علاقائی معتبرین سے متعدد بار رابطہ کیا اور ہر بار یہی یقین دہانی کرائی گئی کہ نعیم بشیر جلد بازیاب ہو جائے گا، تاہم تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
پریس کانفرنس کے آخر میں اہل خانہ نے اعلیٰ حکام اور ریاستی اداروں سے اپیل کی کہ نعیم بشیر کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا گیا تو وہ پرامن احتجاج، دھرنوں اور شٹر ڈاؤن کی راہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

😢
🤲
😭
🇩🇯
👍
😂
11