
اھل السنه ( Ahl-e-Sunnah) ♥️
June 14, 2025 at 09:49 AM
جب دُعا مؤخر ہو جائے!
کچھ دُعائیں ہمیں بہار کا سبز باغ لگتی ہیں یا سرما کی نرم سی دُھوپ ، لیکن اُن کی قبولیت اس کے بالکل برعکس ہوسکتی ہے خزاں کی سُوکھی اور ناتواں ٹہنیوں سی جو ریزہ ریزہ ہو کر ٹوٹ جائیں ، یا لُو کی ایسی تمازت جو قدموں سے یکسر دل تک جُھلسا دے۔
"ہو سکتا ہے تم کسی چیز کو پسند کرو،
حالانکہ وہ تمہارے حق میں بہتر نہ ہو۔"
جب ہماری دُعا پر مستجاب کی مہر نہیں لگتی، تو اس رد میں ہمارے رب کی محبت ہوتی ہے۔ ہمارے لیے ہم لاعلم ہیں کہ اس کے حاصل میں کیا درد چھپا ہے، اور اس کے لاحاصل میں کیا خیر بھری راحت ہے ۔
کچھ دُعائیں بےساختہ قبول ہو جاتی ہیں، جیسے شبنم کے قطروں پر پڑنے والی چاندنی نرم، پیاری اور فوری ، کچھ دعائیں مؤخر کر دی جاتی ہیں ، تاکہ پک کر، نکھر کر، بہتر صورت میں ملے جیسے کچی کلی کا مکمل گلاب بن کر کھلنا۔ اور کچھ وہ دعائیں ہیں جو آخرت کے لیے سنبھال لی جاتی ہیں ، جہاں اس کا صلہ میزانِ حسنات میں موتی بن کر چمکتا ہے۔
اور ہر نہ پوری ہونے والی دُعا کے عقب میں اللہ کی رحمت کا پہرہ ہوتا ہے جو ہمیں اُس تک پہنچانے کے لیے، اُس کی حکمت سے بندھا ہوا ہوتا ہے۔
اپنے دل کو مطمئن رکھیں! اسے بار بار یہ باور کرواتے رہیں کہ کوئی بھی دعا ، کوئی بھی التجا رائیگاں نہیں گئی اس کے مکمل نہ ہونے میں کوئی خیر پوشیدہ ہے جو کبھی نہ کبھی عیاں ہو ہی جائے گی دعا تو وہ طیور ہے جسے ہم اڑاتے ہیں، اور وہ کب، کہاں جا کر کسی آسمان پر بیٹھے، ہمیں خبر نہیں، لیکن ربِ کائنات کو سب پتہ ہے ۔
کبھی سالوں بعد، کسی اجنبی ساعت میں چپکے سے پوری ہو جاتی ہیں،
اور کبھی پوری نہ ہو کر دل کی جڑوں میں صبر کی خوشبو بو جاتی ہیں۔
سفینہ اقبال
❤️
😭
2