انسانیت موت کے دروازے پر
June 12, 2025 at 05:14 AM
استاد بنیں، ماشٹر نہیں
تحریر:اعجاز چوہدری
دوران تدریس جسمانی اور ذہنی سزائیں تعلیم و تعلم پہ انتہائی برا اثر ڈالتی ہیں.... ہر بچہ منفرد ہوتا ہے اور خصوصی توجہ کا مستحق ہوتا ہے.... بچے ہمارے معاشرے کی پیدا کردہ تفریقوں سے ناآشنا ہوتے ہیں وہ برادری ازم، امیری غریبی ، مذہبی فرقوں اور لسانی و علاقائی عصبیتوں سے پاک ہوتے ہیں.... برائے مہربانی بچوں کے اندر یہ زہر نہ انڈیلیں.... بچے آپ کے پاس امانت ہیں حقیقی معنوں میں قوم کے معمار بنیں.... استاد بنیں ماشٹر نہیں
تعلیم کا عمل صرف نصاب مکمل کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ انسان سازی کا عمل ہے۔ اس عمل میں استاد کا کردار بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔ استاد صرف ایک مضمون پڑھانے والا نہیں ہوتا، بلکہ وہ ایک نسل کو سنوارنے والا معمار ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ استاد کے رویّے کا اثر شاگرد کے پورے مستقبل پر پڑتا ہے۔
بدقسمتی سے ہمارے تعلیمی اداروں میں آج بھی کچھ اساتذہ ایسے ہیں جو سختی، ڈانٹ ڈپٹ، اور بعض اوقات جسمانی سزا جیسے طریقوں کو تدریس کا حصہ سمجھتے ہیں۔ وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ ڈر اور مار سے وقتی اطاعت تو حاصل ہو سکتی ہے، مگر علم سے محبت نہیں جاگتی۔ گالی دینا یا ہتک آمیز زبان استعمال کرنا نہ صرف بچے کی خود اعتمادی کو مجروح کرتا ہے بلکہ اسے سیکھنے سے متنفر بھی کر دیتا ہے۔
ایک اچھا استاد وہ ہے جو طالب علم کی نفسیات کو سمجھے، اُس کی کمزوریوں کو جانچے اور اُسے حوصلہ دے کر آگے بڑھائے۔ جدید تحقیق بھی یہ ثابت کرتی ہے کہ طالب علم زیادہ بہتر سیکھتے ہیں جب وہ اپنے استاد سے جذباتی طور پر جُڑے ہوں، اور جب وہ محسوس کریں کہ اُن کی عزت کی جا رہی ہے۔
اساتذہ کو چاہیئے کہ وہ شفقت، نرمی اور محبت کے ساتھ پڑھائیں۔ وہ طلبہ کو سوال کرنے کا حوصلہ دیں، غلطیوں پر مذاق اُڑانے کی بجائے رہنمائی کریں، اور اُنہیں سیکھنے کا شوق دلائیں۔ مثبت رویّہ، موٹیویشن، اور اعتماد کی فضا میں سیکھا گیا علم ہمیشہ دیرپا ہوتا ہے۔
اساتذہ کی تربیت میں اس بات پر زور دینا وقت کی اہم ضرورت ہے کہ تعلیم ایک مقدس ذمہ داری ہے۔ استاد کا کردار محض ڈگری تک محدود نہیں، بلکہ وہ ایک شخصیت ساز ہے۔ اسے چاہیے کہ وہ اپنے الفاظ، انداز اور عمل سے ایک مثال قائم کرے۔
معاشرہ اچھے استاد کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ ہمیں ایسے اساتذہ کی ضرورت ہے جو ڈرا کر نہیں، بلکہ پیار سے دل جیتیں؛ جو سزا نہیں، بلکہ رہنمائی کو ذریعہ بنائیں؛ اور جو شاگرد کو صرف نمبروں کا نہیں، ایک بہتر انسان بنانے کا خواب دیں۔
اپنے علم کو ہمیشہ ترو تازہ رکھیں اس زعم نہ رہیں کہ آپ کے پاس اعلیٰ ترین تعلیم پی ایچ ڈی کی ڈگری ہے....بچوں کی نفسیات کا بغور جائزہ لیجیے اور تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا سے آشنا رہیں آشنا رکھیں. علم آپ کے پاس امانت ہے وہ امانت آگے منتقل کر دیجئے.... اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو آمین ثم Amen
👍
❤️
💫
😂
5