
Balochistan Point News📡
June 18, 2025 at 06:49 AM
*مستونگ: بجلی بندش کے بعد یو فون نیٹ ورک بھی بند، عوام سراپا احتجاج*
مستونگ (نمائندہ خصوصی) — مستونگ میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ اب پی ٹی سی ایل کے موبائل نیٹ ورک یو فون کی سروس بھی شدید متاثر ہونے لگی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی جانے کے بعد موبائل نیٹ ورک بھی مکمل طور پر بند ہو جاتا ہے، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق، یو فون ٹاورز پر موجود بیٹریاں کمزور ہو چکی ہیں اور جنریٹرز کو چلانے کے لیے فیول کی فراہمی کے بجائے مبینہ طور پر ایندھن خوردبرد کیا جا رہا ہے۔ جنریٹرز بند ہونے کی وجہ سے سسٹم مکمل طور پر بیٹھ جاتا ہے اور موبائل نیٹ ورک معطل ہو جاتا ہے۔
شہریوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جی ایم پی ٹی سی ایل، جی ایم یو فون، وزیر اعلیٰ بلوچستان، ترجمان بلوچستان حکومت اور ڈپٹی کمشنر مستونگ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
عوامی و سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ مستونگ میں جب تک عوام سڑکوں پر آ کر احتجاج نہیں کرتے، اس وقت تک ان کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ اگر فوری طور پر نیٹ ورک کی خرابی دور نہ کی گئی تو ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور روڈ بلاک کیا جائے گا۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ یو فون کی سروس کی بہتری، جنریٹرز کی فوری مرمت اور ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں ایک بنیادی سہولت سے محروم نہ کیا جائے۔
🙏
1