ندائے حق 📚🖊️
ندائے حق 📚🖊️
June 13, 2025 at 09:50 AM
سنو! سنو! "ایئرپورٹ پر پرارتھنا روم" (ناصرالدین مظاہری) دہلی اور لکھنؤ کے ایئرپورٹ پر تو مجھے بھی "پرارتھنا روم" میں نماز پڑھنے کی سعادت ملی ہے۔ دہلی کے تینوں ٹرمنل پر اور لکھنؤ کے دونوں ٹرمنل، یعنی 1 اور 3 پر یہ روم موجود ہیں۔ ڈومیسٹک میں یہ روم چیک ان کاؤنٹرز کے پیچھے اور ڈیپارچر ہال کے بالکل قریب واقع ہے، اور ٹرمنل 3 پر یہ روم ارائیول ہال میں ہے۔ یہ روم 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے۔ پہلے شاید انٹرنیشنل والے حصے کے اندر وضو خانہ نہیں تھا، البتہ ڈومیسٹک میں وضو خانہ بھی موجود ہے۔ جانکار حضرات اس کی وضاحت کرسکتے ہیں ، ویسے یہاں وضوخانہ ضرور ہونا چاہیے کہ عمرہ زائرین اور حجاج کرام کو احرام کے لئے بہرصورت وضو اور نماز کی ضرورت ہے۔ اگر آپ ہوائی سفر پر جا رہے ہیں یا آ رہے ہیں تو یہ روم آپ کے لیے بہت ہی سکون بخش ثابت ہو سکتے ہیں: وضو اور نماز کے لیے بھی، ذکر و اذکار کے لیے بھی، اور کم از کم حکومت کی طرف سے اس بہترین سہولت سے فائدہ اٹھا کر انھیں قائم و آباد رکھنے کے لیے بھی آپ یہاں حاضری ضرور دیں۔ عام طور پر لوگوں کو اس سہولت کا علم نہیں ہوتا، اس لیے یا تو نمازیں قضا کرتے ہیں یا بالکل ہی غفلت برتتے ہیں۔ جان بوجھ کر نماز چھوڑ دینے کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کفر فرمایا ہے: "من ترک الصلاۃ متعمداً فقد کفر" (جس نے جان بوجھ کر نماز چھوڑ دی، تو اس نے گویا کفر کیا۔) بہت سے لوگ اسی روم کے باہر گھنٹوں بیٹھے موبائل چلاتے رہتے ہیں، مٹر گشتی کرتے رہتے ہیں، کھانے پینے اور خرید و فروخت میں لگے رہتے ہیں، اور ان ہی کے بغل میں کچھ نیک اور سعید لوگ اپنی دعا اور نماز میں مشغول رہ کر اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں۔ ایک دفعہ کلکتہ کے نیتا جی سبھاش انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈومیسٹک والے ٹرمنل پر عشاء کی نماز پڑھنی تھی۔ میں نے پولیس اہلکاروں سے پوچھا کہ نماز کے لیے روم کدھر ہے؟ برجستہ جواب دیا: "پورا ایئرپورٹ آپ کا ہے، جہاں مرضی ہو نماز پڑھ لو!" اور یہ بھی کہا کہ: "یہ یوپی نہیں ہے!" اب یہ وضاحت کلکتہ والے احباب کریں کہ کیا وہاں یہ روم موجود ہے یا نہیں؟ ویسے بتاتا چلوں کہ یہ پرارتھنا روم کسی مذہب کے لئے خاص نہیں ہوتے تاہم دہلی میں بھی اور لکھنؤ میں بھی باقاعدہ مصلے بچھے ہوئے میں نے دیکھے بلکہ دہلی میں تو باقاعدہ رخ بھی حکومت کی طرف سے متعین کیا ہوا ہے اور لکھنؤ میں اس روم میں ایک بار دو گھنٹے سے زیادہ وقت گزارا جو بھی آیا نماز ہی پڑھنے آیا کوئی دوسرا آیا ہی نہیں۔وضو خانہ کی نشست بھی مسجد کی طرح معقول بنی ہوئی ہے۔ ( چودہ ذی الحجہ چودہ سو چھیالیس ھجری) https://whatsapp.com/channel/0029VadkmQL2phHEM9YIXR3L
Image from ندائے حق 📚🖊️: سنو! سنو!  "ایئرپورٹ پر پرارتھنا روم"  (ناصرالدین مظاہری)  دہلی اور لک...
❤️ 👍 😂 5

Comments