
Naat Academy ✦ نعت اکیڈمی
June 17, 2025 at 06:56 AM
تخلیقِ حسن و عشق کی ہے دلکشی درود
اس پوری کائنات کی ہے روشنی درود
خوشبو کا پیرہن اسے دیتی ہیں تتلیاں
پڑھتی ہے جب بھی شاخِ ثنا پر کلی درود
میرا خدا، خدا کے فرشتے، بشر تمام
بھیجیں مرے حضورﷺ پہ مل کر سبھی درود
میری دعا کو اپنے پروں میں سمیٹ کر
جائے گا آسماں کی طرف آج بھی درود
خوشنودیٔ رسولِ معظمﷺ کے واسطے
آلِ رسولِ پاک پہ پڑھیئے ابھی درود
بنیاد ہے درود ہی نعتِ حضور ﷺ کی
لاریب اُنﷺ کی نعت کی ہے شاعری درود
کیوں ہم حصارِ رحمتِ آقاﷺ میں لیں نہ سانس
دراصل ہم غلاموں کی ہے زندگی درود
اُنﷺ کی حدیثِ پاک سے چنتے رہو علوم
حکمت کے سائباں میں ہے ہر آگہی درود
پہلے فلک سے آئے گا پروانۂ نجات
بھیجوں گا جب حضورﷺ پہ مَیں آخری درود
جگنو لحد میں بھی ہیں درود و سلام کے
مرنے کے بعد بھی نہیں بھولا کبھی درود
تصویر احترام کی بن کر کھڑا رہوں
روضے کے سامنے ہو مری خامشی درود
میرا قلم بھی صورتِ توصیفِ مصطفیؐﷺ
لوحِ ادب پہ لکھتا رہے ہر گھڑی درود
رہتا ہے عافیت کے جزیروں میں وہ ریاضؔ
ہر ابتلاء میں پڑھتا ہے جو آدمی درود
کلام: ریاض حسین چودھری
❤️
👍
21