
Tribal News Urdu
June 15, 2025 at 01:07 PM
بھارت میں ہیلی کاپٹر حادثہ، 7 افراد ہلاک ۔
نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے شہر دہرادون سے کیدارناتھ جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں پائلٹ سمیت 7 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجہ خراب موسم بتائی جا رہی ہے جبکہ ملبہ گھنے جنگلات سے ریسکیو ٹیموں نے برآمد کر لیا، ہلاک ہونے والوں کا تعلق اتراکھنڈ اتر پردیش مہاراشٹر اور گجرات سے تھا ۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو لواحقین سے مکمل تعاون کی ہدایت کی ہے ۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بھارت میں حالیہ دنوں میں ہوائی حادثات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، صرف ایک روز قبل احمد آباد سے لندن جانے والا ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ بھی پرواز کے چند لمحے بعد گر کر تباہ ہوا، جس میں 241 افراد ہلاک اور صرف ایک شخص زندہ بچ پایا ۔
ان حادثات نے ہوابازی کے شعبے میں حفاظتی اقدامات اور حکومتی نگرانی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں موسم کی پیشگی اطلاعات، پرانے فضائی بیڑوں اور ناقص ٹیکنیکل سپورٹ کے باعث ہوائی حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، جس پر فوری توجہ نہ دی گئی تو یہ انسانی جانوں کے مزید ضیاع کا باعث بن سکتا ہے ۔
https://t.me/TribalNewsUrdu_1