علم و کتاب
June 1, 2025 at 02:41 PM
*مولانا مفتی محمد حسن امرتسری رحمۃ اللّٰه علیہ کی وفات پر خدام الدین کی ادارتی تحریر*
(ہفت روزہ خدام الدین: ۹ جون ١٩٦١ء/مطابق ۱۷ ذی الحجہ ۱۳۸۰ھ/صفحہ: ۳)
اس پُرفتن دور اور قحط الرجال کے زمانہ میں علمبردارانِ حق و صداقت، پہلے سے ہی چند گنی چنی ہستیاں تھیں، مگر جس سرعت سے بلند پایہ قدسی نفوس، ہم سے جدا ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ اس سے ہر مسلمان کا دل فگار اور مدت کے مستقبل کے بارہ میں بے قرار ہوتا چلا جا رہا ہے۔ ملک پر اللّٰه تعالیٰ کا کتنا فضلِ عظیم اور خاص کر لاہور پر کتنا بڑا احسان ہے کہ تکوینی کرشموں سے امرتسر سے ایک مایہ ناز جید عالمِ ربانی، بمع اپنے قیمتی مال و متاع، یعنی کتاب و سنت کے نشر و اشاعت والے دارالعلوم کے لاہور میں آکر، اس قحط زدہ زمین کو سیراب کرتے ہیں اور جب ان کا مشن تکمیل کے قریب پہنچتا ہے، وہ بُلا لیے جاتے ہیں، یہی سنۃ اللّٰه ہے۔ حضرت مولانا مفتی محمد حسن صاحب رحمہ اللّٰه کی یادگار، صرف جامعہ اشرفیہ ہی نہیں ہے، جس کی لازوال بہاروں سے ان شاء اللّٰه تعالیٰ امتِ محمدیہ علیہ الصلواة والسلام ہمیشہ ہمیشہ خوش وقت ہوتی رہے گی، بلکہ آپ نے روحانی تربیت کے ذریعہ کثیر التعداد تشنہ کاموں کو بھی سلوکِ عالیہ چشتیہ کے آبِ حیات سے سیراب کرتے ہوئے، تھانوی جامعیت کا چراغ روشن رکھا۔
بہار عالم حسنش دل و جان تازه می دارد
برنگ اصحاب ظاہر را بہ بو ارباب معنی را
آپ لاہور میں کامیابی سے آئے اور لاہور سے کامیابی سے تشریف لے گئے۔ آخری خوش نصیبی دیکھیے کہ موتِ غربت کی فضیلت بھی عطا فرمائی گئی اور آپ کا وصال، کراچی میں ہوا اور وہیں مزار بنا۔ اگرچہ لاہور والے آپ کی قبر مبارک کے قرب سے محروم ہوئے، مگر اللّٰه تعالیٰ کی یہی مشیت تھی، جس پر ہم راضی ہیں، شاید لاہور میں اس داعی توحید کی قبر کو اللّٰه تعالیٰ نے جاہلوں کی پوجا پاٹ سے بچانا تھا۔ اللّٰه تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور اُن کے تمام متعلقین اور خاص کر ان کے فرزندوں کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل عطا فرماتے ہوئے اُن کو آپ کے نقشِ قدم پر چلنے اور خالصۃً للّٰه خدمتِ اسلام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
ہمیں حضرت مفتی صاحب رحمۃ اللّٰه علیہ کے اس ناگہانی حادثہ میں ان کے تمام متوسلین سے ہمدردی ہے، مگر ان سے بھی عرض ہے کہ وہ بھی مرحوم و مغفور کی طرح راضی برضا رہیں اور ان کے مشن، ردِ بدعت و احیاء سنت میں ہر طرح ساعی و کوشاں رہیں۔ یہی ان کا صدقہ جاریہ ہے۔
https://whatsapp.com/channel/0029Vahcr7L4NVitnhxGr60B
😢
1