
Zia Chitrali Official
June 19, 2025 at 06:13 AM
اب تک کا سب سے بڑا میزائل حملہ:
آج جمعرات کے روز، اسرائیل کے داخلی محاذ (Home Front Command) نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کئی میزائل داغے گئے ہیں، جنہیں مختلف علاقوں میں ٹریک کیا گیا۔ اس دوران کئی بستیوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ اسرائیلی فوج نے انکشاف کیا ہے کہ دو دیہاتوں کے باشندوں کو، جو جوہری تنصیبات کے قریب واقع ہیں، فوری طور پر گھروں سے نکلنے کی ہدایت دی گئی ہے، کیونکہ وہ متوقع حملوں کی زد میں ہیں۔
داخلی محاذ نے مزید بتایا کہ تل ابیب اور شمالی اسرائیل کے الجلیل کے متعدد علاقوں میں دوبارہ ڈرون حملوں کے خدشے کے پیش نظر سائرن بجائے گئے اور عوام کو پناہ گاہوں میں جانے کی تاکید کی گئی ہے۔
اسرائیلی فوجی ریڈیو کے مطابق، ایران نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سب سے بڑا میزائل حملہ کیا ہے، جس میں 20 سے 30 کے درمیان میزائل شامل تھے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، ایرانی حملے میں زخمیوں کی تعداد 50 تک پہنچ گئی ہے۔ ایرانی میزائلوں نے براہِ راست اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں تل ابیب، رمات گان (جہاں اسرائیلی اسٹاک ایکسچینج واقع ہے) حولون، بئر السبع شامل ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارہ فارس نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے اسرائیل کے خلاف ڈرونز بھی روانہ کیے ہیں۔ اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کے مطابق تل ابیب کے بڑے علاقے میں متعدد مقامات پر براہِ راست میزائل حملے ہوئے ہیں، جن کے بعد شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
اسرائیلی فوجی ریڈیو کے مطابق، رمات گان میں 15 افراد زخمی ہوئے، جب کہ وولفسن اسپتال نے تصدیق کی کہ اس کے پاس 16 زخمی لائے گئے ہیں، جن میں سے 3 کی حالت نازک ہے۔ یہ زخمی حولون میں میزائل گرنے کی جگہ سے لائے گئے تھے۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق، متعدد مقامات پر میزائل گرنے کے بعد انہیں مدد کے لیے کالیں موصول ہوئی ہیں۔ اسرائیلی فائر بریگیڈ کی ترجمان نے قومی ریڈیو کو بتایا کہ تل ابیب اور بئر السبع میں براہِ راست حملے ہوئے ہیں۔ بعض عمارتوں کے منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔ کئی لوگ ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔
الجزیرہ کے نمائندے کے مطابق، اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ تل ابیب کے بڑے علاقے میں 5 مقامات پر شدید تباہی ہوئی ہے اور وہاں اب بھی آگ لگی ہوئی ہے۔ ایک ایرانی میزائل نے بئر السبع کے ساروکا اسپتال کو براہِ راست نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق، اسپتال کی ایک پوری عمارت منہدم ہو گئی۔ یہ اسپتال غزہ میں زخمی ہونے والے فوجیوں کا علاج کرتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق، اصل ہدف اسرائیلی فوج کے انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر تھے جو اسپتال کے قریب واقع ہیں۔ ایرانی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فوجی انفرا اسٹرکچر کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا گیا۔ اسپتال کو بم دھماکے کی لہر سے نقصان پہنچا۔ وہ اصل نشانہ نہیں تھا۔ نشانہ سائبر وار کا مرکز تھا، جو ڈیجیٹل کمانڈ اور ہزاروں فوجیوں پر مشتمل ایک حساس تنصیب ہے۔
دوسری جانب، اسرائیلی نائب وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے کسی فوجی اڈے کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ ایک اسپتال پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا۔اسی طرح، ایک ایرانی میزائل نے مغربی کنارے کی بڑی اسرائیلی بستی ''آریئل'' کے داخلی راستے کو نشانہ بنایا، جبکہ وادی اردن (Jordan Valley) میں بھی ڈرون حملے جاری ہیں۔
جوابی اقدام کے طور پر اسرائیلی فوج نے ایران کے اندر واقع قریہ ''اراک'' اور ''خنداب'' (جہاں جوہری تنصیبات واقع ہیں) کے رہائشیوں کو فوری انخلا کا حکم دیا، تاکہ اسرائیل کی جوابی فوجی کارروائی سے بچا جا سکے۔
ایرانی میڈیا نے اطلاع دی کہ کرَج (تہران کے مغرب میں) میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور وہاں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق، اسرائیل نے آج صبح خنداب کی ہیوی واٹر تنصیب کے قریب حملہ کیا ہے۔ (ضیاء چترالی۔ بحوالہ الجزیرہ، اسرائیلی ذرائع ابلاغ)
👍
❤️
😂
⚔
🤲
🇵🇸
☝
♥
⚰
✌
124