
VOICE OF SARAWAN ✍️
June 19, 2025 at 04:16 PM
*نوشکی: غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، ڈپٹی کمشنر محمد حسین*
ڈپٹی کمشنر نوشکی محمد حسین کی زیر صدارت تعلیمی معاملات سے متعلق اہم اجلاس ایجوکیشن گروپ کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے تعلیمی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر احمد یار سیاپاد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نیاز اللہ سمالانی، خزانہ آفیسر جہانزیب یلانزئی، فیمیل ایجوکیشن آفیسر میڈم کوثر، میڈم امینہ، پرنسپل بوائز انٹر کالج احمد وال پروفیسر دستگیر صابر، وائس پرنسپل بوائز ڈگری کالج محمد اسماعیل مینگل، یونیسیف کے نمائندہ الطاف جمالدینی، جی ٹی اے بی کے صدر بیبرگ بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران و اساتذہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع نوشکی کے تعلیمی اداروں کو درپیش مختلف مسائل، غیر حاضر اساتذہ، غیر فعال اسکولوں اور کنٹریکٹ و ایس بی کے اساتذہ کی تنخواہوں کے مسائل زیر بحث آئے۔
ڈپٹی کمشنر محمد حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سخت موقف اپنایا اور واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تعلیمی افسران کو ہدایت کی کہ غیر حاضر اساتذہ کے خلاف فوری طور پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، ان سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد اسکولوں کا باقاعدہ دورہ اور معائنہ کیا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار اور حاضری کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور تمام اداروں کو فعال اور مؤثر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔