Shaykh Sarfaraz Faizi
May 28, 2025 at 04:52 AM
*دنیا پرستوں کی صحبت* ✿✿✿ *✒️سرفراز فیضی* •─════﷽════─• دو لوگ جن کی منزلیں الگ ہوں ان کے راستے کبھی ایک نہیں ہوسکتے ، جن کی چاہتیں چھوٹی ہوں وہ بڑے مقصد والوں کا ساتھ کبھی نہیں دے سکتے، جن کی طلب آخرت ہو ان کا مزاج آخرت کے طلبگاروں سے ہی ملتا ہے اور جن کی طلب دنیا ہو ان کو دنیا داروں ہی کی صحبت جچتی ہے۔ المؤمنون والمؤمنات بعضھم اولیاء بعض انتہاء درجے کے دنیا پرستوں کی صحبت میں اٹھنے بیٹھنے والے کی فکر آخرت ماند پڑجاتی، ان کی دینداری پر گہن لگ جاتا ہے، ان کی سوچ سطحی ہوجاتی ہے، ان کا ھم وغم دنیا بن جاتی ہے، ان کا محور چیزیں اور سامان بن جاتے ہیں، ان کا قبلہ مال ودولت ہوجاتا ہے، ان کی چاہتوں کا مرکز دنیا کی عیاشیاں بن جاتی ہیں۔ ، دنیا پرستوں کی صحبتیں اہل ایمان کو بھی دنیا پرست بنا دیتی ہیں، ایسی زندگی ایک لعنت ہے جس سے اللہ کے نبی ﷺ پناہ طلب کیا کرتے تھے۔ اللھم لا تجعل الدنیا اکبر ھمنا ومبلغ علمنا۔ اکثر دنیا پرستوں کی یہ صحبتیں ہی ہماری ساری روحانی ترقیوں کی راہ میں آڑ بن جاتی ہیں، ہماری دینداری کے راستے کا سب سے بڑا روڑا ہوتی ہیں، ہمارے پاؤں کی زنجیر بن کر بلندیوں کے دروازے ہم پر بند کر دیتی ہیں، دین کی راہ ہماری ترقی کا سفر تمام کردیتی ہیں۔ ہمارے مزاج کو ہوس پرست، ہماری سوچ کو سطحی، ہماری چاہتوں کو پست بنا دیتی ہیں، ہم سے ہماری زندگی کی مقصدیت چھین کر ہم کو دنیا کی عارضی آرزؤں کا اسیر بنادیتی ہیں۔ لہذا روحانی ترقی کے سفر کا آغاز یہیں سے ہوتا ہے کہ دوست ہوں یا استاذ ہوں، بیویاں ہوں یا شوہر ۔ زندگی کے سفر میں ایسے لوگوں کا انتخاب کریں جو آپ کی منزل کے مسافر ہوں، آپ کے ہم مقصد ہوں، ایسے ہی لوگ آپ کی فکر کو سمجھ سکیں گے، آپ کے راستے پر چلنے میں آپ کے مدد گار بنیں گے۔ آپ کی ترقیوں میں آپ کا تعاون کرسکیں گے۔ ان شـــــــاء اللـــــــہ اور اگر دنیا پرستوں سے گھرے ہوئے تو خود کو ریسکیو کرکے باہر نکالیں، روحانی ترقی کا سفر ایسے لوگوں سے خود کو آزاد کرانے سے شروع ہوتا ہے۔ دنیاپرستوں کے چنگل میں پھنسا ہوا انسان جب تک خود کو آزاد نہ کرالے آخرت کی منزل پر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ (سرفراز فیضی)
❤️ 👍 💯 💎 🤍 😢 🩶 51

Comments