Shaykh Sarfaraz Faizi
June 1, 2025 at 04:58 PM
*کیا قربانی صاحبِ نصاب پر فرض ہے؟* ✿✿✿ *✍️سرفراز فیضی* •─════﷽════─• نصاب کے مکمّل ہونے پر بندے پر جو چیز واجب ہوتی ہے وہ ہے زکوٰۃ کا اخراج. زکوٰۃ کی ادائیگی کے بعد بندہ اپنی ذمہ داری سے بری ہوجاتا ہے. نصاب کی تکمیل زکاۃ کے علاوہ بندے پر کچھ بھی واجب نہیں کرتی. نصاب زکوٰۃ کی فرضیت طے کرنے کا پیمانہ ہے. اس کا قربانی سے کوئی تعلق نہیں. تعلق ہوتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلّم ضرور اس کو واضح کرتے. یہ کیسی عجیب بات ہے کہ قربانی کی چھوٹی چھوٹی سنّتیں اتنی تفصیل سے بیان کردی جائیں اور اس کے وجوب کی شرط جیسی بنیادی چیز بیان نہ کی جائے جب کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں صاحبان نصاب کی ایک بڑی تعداد پائی جاتی تھی. قربانی کا صاحب نصاب پر واجب ہونا تو دور کی بات خود قربانی کا واجب ہونا ہی مختلف فیہ ہے. جمہور علماء کا موقف ہے کہ قربانی مستحب ہے، واجب نہیں. قربانی کے مستحب ہونے کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ قربانی کے واجب ہونے کی کوئی دلیل کتاب وسنّت میں نہیں ملتی. جتنی بھی احادیث قربانی کے وجوب کی دلیل میں بیان کی جاتی ہیں ساری کی ساری ضعیف ہیں. بلکہ قربانی کی فضیلت ہی میں کوئی بھی مرفوع روایت ثابت نہیں. ابن العربی نے یہ بات عارضة الاحوذي میں کہی ہے اور کئی علماء نے اس کی تائید کی ہے.(البتہ قرآن کی آیات سے قربانی کی فضیلت ثابت ہوتی ہے.) کئی صحابہ سے قربانی کے عدم وجوب کا قول ثابت ہے. مثلا ابو سریحہ غفاری کہتے ہیں کہ میں نے حضرت ابوبکر اور حضرت عمر کو پایا کہ وہ قربانی نہیں کرتے تھے اس خوف سے کہ ان کی اقتداء کی جائے گی. كراهية أن يُقْتَدَى بهما . (اس اثر کا امام بیھقی نے روایت کیا ہے. حافظ ابن حجر نے تلخیص میں اور شیخ الالبانی نے ارواء حدیث نمبر: 1139 میں اس کو صحیح قرار دیا ہے. ) ابو مسعود انصاری سے بھی مروی ہے کہ " میں قربانی چھوڑ دیتا ہوں حالانکہ کشادہ حال ہوں. اس وجہ سے کہ میرے پڑوسی اسے مجھ پر واجب نہ سمجھ لیں. "مخافة ان يري جيراني انه حتم عليّ" (اس اثر کو امام بیھقی نے روایت کیا ہے اور شیخ الالبانی نے ارواء حدیث نمبر 1139 میں صحیح قرار دیا ہے.) قربانی کے وجوب کی کوئی دلیل نہ ملنے اور کئی صحابہ سے بصراحت اس کے مستحب ہونے کا قول مروی ہونے کی بنیاد پر راجح بات یہی کہی جاسکتی ہے کہ قربانی سنّت ہے. واجب نہیں. البتہ قربانی اسلام اور مسلمانوں کا شعار رہی ہے. اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے باوجود اپنی تنگ دستی کے قربانی کی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ نے قربانی کی اور مسلمان تب سے اس سنّت کو تسلسل کے ساتھ زندہ رکھتے چلے آئے ہیں. آج بھی صاحبان حیثیت کو اس سنّت ابراہیمی میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لینا چاہیے. واللہ اعلم بالصواب Sarfaraz Faizi
👍 ❤️ 🩵 🤍 16

Comments