
꧁✰٘عُلَمـٰـاءٕهِــنْـد✰꧂
June 20, 2025 at 04:07 AM
*اصلاحی خطبات ج۱،ص ۱۰۰*
*افادات:شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم*
*سفارش، شہادت اور گواہی ہے*
اس لئے کہ سفارش جس طرح اس شخص کی حاجت برآری کا ایک ذریعہ ہے۔ وہاں ساتھ ساتھ ایک شہادت اور گواہی بھی ہے۔ جب آپ کسی شخص کے حق میں سفارش کرتے ہیں تو آپ اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ میری نظر میں یہ شخص اس کام کے کرنے کا اہل ہے، لہٰذا میں آپ سے یہ سفارش کرتا ہوں کہ اس کو یہ کام دے دیا جائے۔ تو یہ ایک گواہی ہے۔ اور گواہی کے اندر اس بات کا لحاظ رکھنا ضروری ہے کہ وہ واقعہ کے خلاف نہ ہو، اگر آپ نے اس شخص کے بارے میں لکھ دیا، اور حقیقت میں وہ نااہل ہے تو گواہی حرام ہوئی اور باعثِ ثواب ہونے کے بجائے الٹا باعثِ گناہ بن گئی۔ اور یہ ایسا گناہ ہے کہ اگر اس کی نااہلی کے باوجود آپ کی سفارش کی بنیاد پر اس کو اس عہدہ پر رکھ لیا گیا، اور اپنی نااہلی کی وجہ سے اس نے لوگوں کو نقصان پہنچایا، یا کوئی غلط کام کیا تو سارے نقصان اور غلط کاموں کا وبال کا ایک حصہ سفارش کرنے والے پر بھی آئے گا۔ کیونکہ اس نااہل کے اس عہدہ تک پہنچے میں یہ سبب بنا ہے۔ لہٰذا یہ سفارش بھی ہے اور گواہی بھی ہے۔ اورناجائز کام کے لئے سفارش کرنا اور گواہی دینا کسی طرح بھی جائز نہیں ۔
*ممتحن سے سفارش کرنا*
کسی زمانے میں میرے پاس یونیورسٹی سے ایم اے اسلامک اسٹڈیز کے پرچے جانچنے کے لئے آجایا کرتے تھے۔ اور میں لے بھی لیا کرتا تھا لیکن لینے کیا شروع کئے کہ اس کے نتیجے میں لوگوں کی قطار لگ گئی، کبھی کوئی ٹیلیفون آرہا ہے، کبھی کوئی آدمی آرہاہے۔ اور آدمی بھی ایسے جو بظاہر بڑے دیانتدار اور امانت دار اور ثقہ قسم کے لوگ باقاعدہ میرے پاس اسی مقصد کے لئے آتے اور ان کے ہاتھوں میں نمبروں کی ایک فہرست ہوتی، اور آکر کہتے کہ ان نمبر والوں کا ذرا خاص خیال رکھئے گا۔
*سفارش کا ایک عجیب واقعہ*
ایک مرتبہ ایک بڑے عالم شخص بھی اسی طرح نمبروں کی فہرست لے کر آگئے۔ میں نے ان سے عرض کیا کہ حضرت! یہ تو بڑی غلط اورناجائز بات ہے کہ آپ یہ سفارش لے کر آگئے ہیں ۔ انشاء اللہ حق و انصاف کے مطابق جو جتنے نمبر کا مستحق ہوگا اتنے نمبر لگائے جائیں گے جواباً انہوں نے فوراً قرآن کریم کی آیت پڑھ دی۔ *’’مَنْ یَّشْفَعْ شَفَاعَۃً حَسَنَۃً یَّکُنْ لَّہٗ نَصِیْبٌ مِّنْہَا۔ (سورۃ النساء:۸۵)‘‘*
*مولوی کا شیطان بھی مولوی*
ہمارے والد حضرت مفتی محمد شفیع صاحب قدس اللہ سرہٗ فرمایا کرتے تھے کہ مولوی کا شیطان بھی مولوی ہوتا ہے۔ عام آدمی کا شیطان تو دوسرے طریقوں سے بہکاتاہے اور جو شیطان مولوی کو بہکاتا ہے، وہ مولوی بن کر بہکاتا ہے۔
ان عالم صاحب نے اس آیت سے استدلال کیا کہ قرآن کریم میں ہے کہ سفارش کرو اس لئے کہ سفارش بڑے اجر و ثواب کاکام ہے، اس لئے میں سفارش لے کر آیاہوں ۔ خوب سمجھ لیجئے کہ یہ سفارش جائز نہیں ۔
📚 *🕌﴿☆٘عُلَمـٰـاءٕهِــنْـد☆﴾🕌*
👍
1