GBC Students Support Network
June 16, 2025 at 08:05 PM
بہت سے نوجوان لڑکے لڑکیوں میں آج کل ایک عجیب نفسیاتی عارضہ نظر آتا ہے۔ یہ نوجوانی کے اس انمول وقت کو بھرپور طور پر جینے کی بجائے خود پر ایک زبردستی کا بڑھاپا سا طاری کیئے رکھتے ہیں۔ کوئی بیٹھا سقراط، بقراط بنا پیچیدہ فلسفے بگھار رہا ہے، کوئی رنج و الم کی تصویر بنی کسی دکھی آتما کی مانند بھٹکتی پھر رہی ہے، کوئی مزاحیہ ترین لطائف میں سے بھی سسکتی انسانیت کے دکھ برآمد کررہا ہے اور کوئی کسی ٹھیلے پر بکتی کتاب "دو ہزار زخمی اشعار" میں سے شعر سنا سنا کر اپنے آپ میں جون ایلیاء بنی بیٹھی ہے۔ عمر پوچھو تو 21 سال، 19 سال، 23 سال ... باتیں دیکھو تو لگتا ہے کہ نہ منہ میں دانت ہوں گے نا پیٹ میں آنت ...
بھائی آپ میرا دکھ نہیں سمجھ سکتے، مجھے فلاں فلاں نے دھوکہ دیا۔ دوست آپ میرا غم نہیں جان سکتے میرے گھر والے مجھے زچ کرتے ہیں، سر آپ میری اذیت نہیں محسوس کرسکتے، مجھ میں فلاں فلاں ابنارملٹی ہے۔ بچوں کس نے کہا تم سے کہ یہ زندگی پرفیکٹ ہے ؟ یہاں سب کی اپنی اپنی اذیتیں اپنے اپنے امتحان ہیں اور یہ تمہاری خام خیالی ہے کہ جو تمہیں درپیش ہے وہ دوسروں سے زیادہ خوفناک ہے۔ آنکھیں کھولو، خود کو حاصل بیشمار نعمتوں کو سوچو، اپنے اردگرد موجود دیگر افراد کی آزمائش کو دیکھو۔ بےاختیار تمہارے دل سے یہ صدا اٹھے گی کہ :
" دنیا_میں_کتنا_غم_ہے_میرا_غم_کتنا_کم_ہے "
میاں ابھی تو نوجوانی کی دہلیز پر قدم رکھا ہے تم نے، ابھی تو زندگی شروع ہوئی ہے۔ ابھی سے ایسا loser attitude رکھو گے ؟ دوسروں سے ہمدردیاں بٹورو گے ؟ حالانکہ تم اپنی زندگی کے اس دور میں ہو، جہاں پہاڑ کو سرمہ بنا دو۔ مگر خود میں حوصلہ تو پیدا کرو، اندر کچھ کر دیکھانے کی آگ تو لگاؤ۔ لیکن تمہیں تو غمگین رہنے کا چسکا لگ گیا ہے، جو تمہارے اندر موجود صلاحیتوں کو زنگ لگارہا ہے۔ دوسروں کو الزام دینا چھوڑ دو، ناموافق حالات کا شکوہ کرنا ترک کرو۔ سکندر وہ نہیں جو لہروں کے دوش پر ڈولتا رہے۔ سکندر تو وہ ہے جو لہریں چیر کر اپنا رستہ بنائے۔ حرام کام نہ کرو مگر اپنی جوانی حلال میں رہتے ہوئے بھرپور جیو۔ کھل کر ہنسو، مسکراؤ، گھومو، کھیلو، بچپنا کرو۔ بڈھے نہیں ہو تم! ہم سب میں ایک کھلنڈرا بچہ بیٹھا ہوتا ہے جو خوب مزہ کرنا چاہتا ہے۔ تم اس بچے کا گلا کیوں گھونٹ رہے ہو؟ کیوں اس بردباری کی نقاب میں اپنی نوجوانی کو ضائع کررہے ہو؟
ShaZim khan
❤️
👍
😂
😢
🙏
44