
Farhat Hashmi
June 20, 2025 at 12:54 PM
*نفس کے حوالے نہ کرنا — وہ کیفیت جب سب کچھ ہو، مگر کچھ بھی نہ ہو رہا ہو*
استاذہ جی، مجھے آمنہ بشارت باجی کا ایک کمنٹ دل کو بہت لگا۔ انھوں نے نفس کے حوالے نہ کرنے والی دعا کو ایک ایسے زاویے سے بیان کیا جس سے بات دل میں اُتر گئی۔
انھوں نے کہا کہ یہ دعا اس وقت بھی بہت مفید ہوتی ہے جب ہم خود کو، اپنے وقت کو، یا آس پاس کے لوگوں کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں—لیکن ہمیں احساس ہو جائے کہ یہ کنٹرول ہمارے اختیار میں ہے ہی نہیں۔
ایسے میں بس اللہ کے سپرد کرنا، اور جو ہمارے اختیار میں ہے اُس پر دھیان دینا، اصل عمل ہے۔
جیسے کوئی ہمیں دیر سے لے کر چلا ہو، اور ہم چاہیں تو شور مچائیں، برا بھلا کہیں، مگر اس سے منزل قریب نہیں آتی۔ اس کے بجائے اگر اسی لمحے کو ذکر، تسبیح یا دعا میں لگا دیں تو وہی وقت قیمتی بن جاتا ہے۔
*سبحان اللہ! کیسا عظیم احسان ہے اللہ کا کہ وہ ہمیں ہمارے نفس کے حوالے نہیں کرتا۔*
اسی لیے ہمیں یہ دعا سکھائی گئی:
*اللّهُـمَّ رَحْمَتَـكَ أَرْجـو، فَلا تَكِلـني إِلى نَفْـسي طَـرْفَةَ عَـيْن، وَأَصْلِـحْ لي شَأْنـي كُلَّـه، لَا إِلَهَ إِلَّا أنْـت*
"اے اللہ! میں تیری رحمت کا طلبگار ہوں۔ مجھے ایک لمحے کے لیے بھی میرے نفس کے سپرد نہ کرنا۔ میرے تمام معاملات سنوار دے۔ تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔"
یہ دعا اُس وقت کے لئے قیمتی ہے جب ہم کام کرنا چاہتے ہیں، نیت بھی موجود ہے، علم بھی ہے، وسائل بھی ہیں... *لیکن نفس رکاوٹ بن جاتا ہے۔*
ایسے کئی لمحے زندگی میں بار بار آتے ہیں:
* نماز کا وقت ہو چکا ہے، دل بار بار اُٹھنے کو کہتا ہے، مگر نفس بہانے تراشتا ہے: *بعد میں پڑھ لیں گے، ابھی نیند ضروری ہے۔*
* علم ہے کہ کسی سے معافی مانگنی ہے، دل بھی مانتا ہے... لیکن نفس کہتا ہے: *تم کیوں جھکو؟ غلطی تو اس کی تھی۔*
* ہم جانتے ہیں فون وقت ضائع کر رہا ہے، کتاب بھی سامنے رکھی ہے، قرآن بھی کھلا ہوا ہے... لیکن نفس کہتا ہے: *تھوڑا سا اور دیکھ لو، ابھی موڈ نہیں بنا۔*
* کوئی ہمیں کچھ کہہ دیتا ہے، ہم جانتے ہیں خاموشی بہتر ہے... لیکن نفس کو غصے میں سکون محسوس ہوتا ہے، اور ہم بدلہ لے کر سکون تلاش کرتے ہیں—جو کبھی ملتا ہی نہیں۔
* صدقہ دینے کا دل ہوتا ہے، پیسے بھی ہوتے ہیں، لیکن نفس دنیاوی حساب کتاب شروع کر دیتا ہے: *اگر دے دیا تو کل اپنے کام کا کیا ہوگا؟*
* علم دین حاصل کرنے کی خواہش ہوتی ہے، کورسز موجود ہوتے ہیں، وقت نکالا جا سکتا ہے، مگر نفس ٹالتا رہتا ہے: *ابھی بہت مصروف ہو، بعد میں شروع کر لینا۔*
اور پھر ہم اُسی کیفیت میں گھر جاتے ہیں جہاں سب کچھ موجود ہے—لیکن کچھ بھی نہیں ہو رہا۔
ایسا ہی میرے ساتھ پچھلے دو دن ہوا۔ میں چاہ رہی تھی کہ موڈ خراب نہ ہو، کچھ اچھا کر سکوں، دل کے مطابق دن گزاروں—لیکن میرے جسم اور دماغ جیسے ساتھ ہی نہ دے رہے تھے۔ بےچینی تھی، بیزاری تھی، غصہ اور مایوسی کا ملا جلا سا احساس۔
اسی دن آپ نے یہ دعا سکھائی۔ جزاک اللہ خیرا کثیرا دعائوں کو دلوں کے قریب کے لئے 🌷 میں نے یہ دعا پڑھنا شروع کی، تسبیحات بڑھا دیں، ذکر کیا...
اور سبحان اللہ! ایسا لگا جیسے دل کو نئی روشنی مل گئی ہو۔
*نفس کے مقابلے میں ہر دن کو بہترین گزارنے کے لئے یہی دعا ہمارا سرمایہ ہے۔*
وہ لمحہ جب ہم کچھ کرنا چاہتے ہیں، لیکن کچھ ہو نہیں رہا... وہ لمحہ اصل میں فریاد کا لمحہ ہے:
*یا اللہ! مجھے میرے نفس کے حوالے نہ کر۔*
ماخوذ شفاء کی دعائیں 25
آمنہ عرفان
❤️
👍
🤲
❤
😢
❤🩹
👏
🙏
🥺
🫀
84