🌏VOICE OF TRUTH📡
June 20, 2025 at 11:39 AM
مستونگ: بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج، جنگل کراس پر قومی شاہراہ بند مستونگ (وائس آف ٹروتھ) ضلع مستونگ کے مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ اور بجلی کی مکمل بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے جنگل کراس کے مقام پر کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ احتجاج میں مردوں کے ساتھ خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے، جنہوں نے بجلی کی بندش کے خلاف نعرے بازی کی اور سڑک پر دھرنا دے کر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کر دی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں کئی دنوں سے بجلی غائب ہے، جس کی وجہ سے پانی کی قلت سمیت دیگر بنیادی مسائل پیدا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کیسکو حکام کی غفلت اور نااہلی کے باعث عوام کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔ مظاہرین نے حکومتِ بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا جائے اور کیسکو حکام کے خلاف کارروائی کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ شاہراہ کی بندش کے باعث مسافروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ٹریفک کئی گھنٹے متاثر ہے۔

Comments