
❤️مسلم امہ اور عصر حاضر❤️
June 21, 2025 at 05:01 PM
*قابض اسرائیلی جارحیت سے شمالی غزہ کا دنیا سے رابطہ منقطع*
قابض اسرائیل کے جاری وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں شمالی غزہ ایک بار پھر دنیا سے کٹ کر رہ گیا۔ فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ غزہ شہر اور شمالی غزہ کی گورنریوں میں انٹرنیٹ اور زمینی ٹیلی فون سروسز مکمل طور پر معطل ہو چکی ہیں۔ یہ خلل قابض اسرائیل کی جانب سے ان بنیادی مواصلاتی لائنوں کو مسلسل نشانہ بنانے کے باعث پیش آیا جن پر پورے علاقے کا رابطہ انحصار کرتا ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ وہ پہلے ہی خبردار کر چکی تھی کہ اگر یہ حملے نہ رکے تو شمالی غزہ میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر مفلوج ہو جائے گا، اور اب یہی صورت حال پیدا ہو چکی ہے۔
فلسطینی انجینئرنگ ٹیمیں مسلسل 48 گھنٹوں سے شدید خطرات کے باوجود رات دن کام کر رہی ہیں تاکہ کسی طور نظام بحال کیا جا سکے، مگر قابض اسرائیل کی جانب سے ان تنصیبات پر جاری حملے ان کوششوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
یہ مواصلاتی تنہائی صرف تکنیکی مسئلہ نہیں بلکہ ایک سنگین انسانی بحران ہے، کیونکہ ہزاروں بےگھر افراد، زخمی بچے، خواتین اور بزرگ دنیا سے رابطہ کھونے کے بعد مزید تنہائی اور بےیاری کا شکار ہو چکے ہیں۔ نہ ہسپتالوں کو اطلاع دی جا سکتی ہے، نہ ہی امدادی ادارے فوری رابطے میں ہیں۔
قابض اسرائیل کی اس درندگی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ غزہ کو مکمل تنہائی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے تاکہ ظلم و ستم کی آوازیں دنیا تک نہ پہنچ سکیں۔