
🇵🇸 𓂆 مسلم فورم 𓂆 🇵🇸
June 19, 2025 at 03:18 PM
اسرائیل میں کوئی جگہ محفوظ نہیں، فضائیں ہمارے لیے کھلی ہیں:
ایرانی پاسداران انقلاب کا دعوی
ایرانی میزائل حملے کے بعد شدید ردعمل اسرائیل پر ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رکھنے کا عندیہ
ایران
اسرائیل
ایران کی جانب سے تل ابیب اور جنوبی اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اب اسرائیل میں کوئی جگہ محفوظ نہیں رہی۔
پاسداران انقلاب نے جمعرات کے روز جاری کردہ بیان میں کہا کہ اسرائیلی فضائیں ان کے لیے پوری طرح کھلی ہوئی ہیں اور اب اسرائیل ایران کے آئندہ حملوں کا سامنا کرنے کے قابل نہیں رہا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ "ہم پہلے ہی خبردار کرچکے تھے کہ مقبوضہ علاقوں کی فضائیں غیر محفوظ ہو چکی ہیں اور اب اسرائیل میں کہیں بھی پناہ لینا ممکن نہیں۔ ہم اس صہیونی وجود جو اب ایک بے جان لاش ہے، کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ ہماری اہدافی ضربات کا سامنا نہیں کرسکے گا"
شہری آبادی کے پیچھے چھپنے کا الزام
ایرانی پاسداران انقلاب نے الزام لگایا کہ اسرائیلی فوج نے اپنی عسکری تنصیبات خالی کرکے دفاعی نظام شہری آبادی کے درمیان نصب کر دیا ہے۔ ان کے بقول "تمام عسکری مراکز کو خالی کر دیا گیا ہے اور اسرائیلی فوج جو اب رہائشی علاقوں کے پیچھے چھپ گئی ہے، نے اپنے ناکارہ دفاعی نظام شہروں کے بیچ نصب کر دیے ہیں"۔
یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی اسرائیل میں سوروکا ہسپتال پر میزائل حملے کا اصل نشانہ ایک اسرائیلی فوجی و انٹیلی جنس بیس تھی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق "حملے کا براہِ راست اور درست ہدف اسرائیلی افواج کی قیادت اور انٹیلی جنس کا مرکز تھا، جو سوروکا ہسپتال کے قریب واقع گیو یام ٹیکنالوجی کمپلیکس میں موجود ہے۔ اس حملے میں ہسپتال صرف بم دھماکے کی شدت سے متاثر ہوا"۔
نیتن یاھو اور اسرائیلی وزیر دفاع کی دھمکیاں
ایرانی حملوں کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایران کے "ظالم حکمرانوں" کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس قیمت کو چکائیں گے۔ ان کے بقول "فوج کو ہدایت دی گئی ہے کہ تہران میں اسٹریٹجک اہداف پر حملے بڑھائے جائیں تاکہ اسرائیل کو درپیش خطرات کو ختم کیا جا سکے اور ایرانی نظام کو غیر مستحکم کیا جا سکے"۔
ان حالیہ کشیدہ واقعات میں دونوں جانب بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ انسانی حقوق کی ایک تنظیم "نشطاء برائے انسانی حقوق" کے مطابق 13 جون سے اسرائیلی حملوں میں ایران کے اندر کم از کم 639 افراد ہلاک اور 1329 زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں 263 عام شہری اور 154 سکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔
دوسری جانب ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، جیسا کہ اسرائیلی چینل 12 نے رپورٹ کیا۔
