سبق آموز تحریریں ♥️
سبق آموز تحریریں ♥️
June 12, 2025 at 02:54 PM
. *ان کی آنکھ کے ساتھ خدا کی خصوصی قدرت کا مظاہرہ* بہیقی اور ابن اسحاق رحمتہ اللہ علیہ نے روایت کی ہے کہ جنگِ اُحد میں حضرت قتادہ بن نعمان رضی اللّٰہ عنہ کی آنکھ میں تیر لگا، جس سے آنکھ نکل کر رخسار پر آگئی۔ نبی کریم ﷺ نے حضرت قتادہ رضی اللّٰہ عنہ سے فرمایا کہ اگر چاہو کہ یہ آنکھ اچھی ہو جائے تو میں اس کو اس کی جگہ پر رکھ دوں، اچھی ہو جائے گی، اور اگر چاہتے ہو کہ جنت ملے تو صبر کرو۔ حضرت قتادہ رضی اللّٰہ عنہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! جنت تو بڑا اچھا انعام ہے، لیکن مجھے یہ نقصان ظاہر ہو رہا ہے۔ آپ میری آنکھ کو اچھی کر دیجئے اور جنت کے لیے بھی میرے واسطے دعا فرما دیجئے۔ آپ ﷺ نے ان کی آنکھ کا ڈھیلا اُٹھا کر اس کے حلقے میں رکھ دیا، تو اس کی روشنی دوسری آنکھ سے بھی تیز ہوگئی، اور ان کے لیے جنت کی بھی دعا فرما دی۔ (رسول اللہ ﷺ کے نام کے تین سو معجزات، صفحہ ۱۰١) ایک روایت میں ہے کہ حضرت قتادہ رضی اللّٰہ عنہ ہی اپنی آنکھ کی پتلی کو ہاتھ میں لیے ہوئے حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: اگر تو صبر کرے تو تیرے لیے جنت ہے، اور اگر چاہے تو اس جگہ رکھ کر تیرے لیے دعا کر دوں۔ حضرت قتادہ رضی اللّٰہ عنہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! میری ایک بیوی ہے جس سے مجھے بہت محبت ہے، مجھے یہ اندیشہ ہے کہ اگر بے آنکھ رہ گیا تو کہیں وہ میری بیوی مجھ سے نفرت نہ کرنے لگے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ہم نے دستِ مبارک سے آنکھ اس کی جگہ پر رکھ دی اور یہ دعا فرمائی: اللَّهُمَّ أَعْطِهِ جَمَالَهُ (اے اللہ! اس کو حسن و جمال عطا فرما)۔ (الاصابہ، جلد 3، صفحہ 225) حضرت قتادہ بن نعمان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں اُحد کے دن آپ ﷺ کے چہرے کے سامنے کھڑا ہو گیا اور اپنا چہرہ دشمنوں کے مقابل کر دیا، تاکہ دشمنوں کے تیر میرے چہرے پر پڑیں اور آپ ﷺ محفوظ رہیں۔ دشمنوں کا آخری تیر میری آنکھ پر ایسا لگا کہ آنکھ کا ڈھیلا باہر نکل پڑا، جس کو میں نے اپنے ہاتھ میں لے لیا اور لے کر حضور ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ رسول اللہ ﷺ یہ دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے اور میرے لیے دعا فرمائی: "اے اللہ! جس طرح قتادہ نے تیرے نبی کے چہرے کی حفاظت فرمائی، اسی طرح تُو اس کے چہرے کو محفوظ رکھ، اور اس کی آنکھ کو دوسری آنکھ سے بھی زیادہ خوبصورت اور تیز نظر والا بنا"۔ اور آنکھ کو اس کی جگہ پر رکھ دیا، تو وہ آنکھ بالکل صحیح اور سالم، بلکہ پہلے سے بہت زیادہ تیز ہوگئی۔ (رواہ الطبرانی و ابونعیم والداراطنی بنحوہ)
❤️ 👍 🌹 🫀 💖 🙏 ♥️ 208

Comments