سبق آموز تحریریں ♥️
سبق آموز تحریریں ♥️
June 22, 2025 at 03:27 AM
. *گمنام شخص کی مخلصانہ دعا پر بارش!* امام محمد بن منکدر رحمۃاللہ علیہ روضة من ریاض الجنہ میں نماز تہجد پڑھ رہے تھے تو آپ نے اچانک ایک شخص کو دیکھا کہ وہ ایک ستون کے ساتھ اپنے سر کو جھکائے ہوئے بڑی رقت آمیزی کے ساتھ یہ دعا کر رہا تھا کہ اے اللہ ! لمبے عرصے سے بارش نہیں ہو رہی اور لوگ بارش کے قطرات کو ترس چکے ہیں میں تجھے قسم دیتا ہوں کہ لازما بارش نازل فرما۔ امام محمد بن منکدر رحمۃاللہ وبرکاتہ بیان کرتے ہیں کہ اس اللہ کے بندے کا دعا کرنا ہی تھا کہ إِذْ أَقْبَلَتْ سَحَابَةٌ اچانک ایک بدلی آئی اور پورے مدینے میں بارش ہونا شروع ہوگئی ۔ امام صاحب نے جب اس نیک شخص کی دعا کی قبولیت کو دیکھا تو بہت متاثر ہوئے اور نماز فجر ادا کرکے اس شخص کے پیچھے چل دئیے ۔ چنانچہ وہ ایک گھر میں داخل ہوا آپ نے وہاں نشانی لگائی اور واپس آکر نوافل اور ذکر سے فارغ ہو کر دوبارہ اس کے پاس گئے، دروازے کو دستک دی اور سلام کہہ کر اجازت طلب کی اور فرمایا : كَيْفَ أَصْبَحْتَ؟ أَصْلَحَكَ اللهُ تو نے کیسے صبح کی ہے؟ اللہ تیرے تمام معاملات کو بہتر کرے۔ امام صاحب فرماتے ہیں وہ اپنے کام کاج میں مصروف رہا اور اس نے میری طرف کوئی توجہ نہ کی۔ میں نے اس کے سامنے رات والی ساری حقیقت بیان کر دی اور کہا اے اللہ کے نیک بندے! تیرا سارا خرچہ میں اٹھاتا ہوں تو کام کاج چھوڑ کر ذکر وفکر اور امت کے لیے خیروبرکت کی دعا کیا کر۔ وہ کہنے لگا حضرت صاحب! مجھے آپ کے عطیات کی ضرورت نہیں میری صرف ایک گزارش ہے، آپ اللہ کے لیے اس درخواست کو قبول فرمالیں اور وہ میری گزارش یہ ہے کہ میرے اس تعلق باللہ کا ذکر کسی دوسرے سے نہ کریں۔ امام صاحب بیان کرتے ہیں کہ میں اس کے مکان سے واپس آگیا اور چند دنوں کے بعد جب پھر اس کو ملنے کے لیے گیا تو وہ شخص مجھے نظر نہ آیا۔ (سیر اعلام النبلاء جلد ٦/ ص ١٥٨) مخلص شخص کا اللہ تعالیٰ سےتعلق بڑا مضبوط ہوتا ہے اور مخلص کی ایک علامت یہ ہے کہ باطن ظاہر سے زیادہ پاک ہوتا ہے اور انکی تنہائیاں آنسوؤں سے مالا مال ہوتی ہیں اور جنہوں نے اللہ سے پیار کر لیا یہ نماز ادا کرتے ہیں، نوافل پڑھتے ہیں اور ان میں رو رو کے اللہ کو راضی کرتے ہیں اور جب لوگوں کے سامنے آتے ہیں تو عام نماز ادا کرتے ہیں لیکن تنہائیوں میں اللہ کے سامنے گر کر معافیاں مانگتے، اخلاص والے لوگ دکھلاوے سے بہت زیادہ بچتے ہیں۔ مرتب :- محمد حنیف ٹنکاروی ♥️🤲😍👍
❤️ 👍 🤲 😢 🌹 💘 💯 🙏 104

Comments