المعهد الإسلامي العربي لعموم الهند ونيبال
المعهد الإسلامي العربي لعموم الهند ونيبال
June 22, 2025 at 02:31 AM
https://www.facebook.com/share/p/1A2qHrs3Tt/ ناظم المعهد الإسلامي العربي کی جامعہ آمد آج 19 جون 2025 بروز جمعرات جامعہ محمودیہ نصرت الاسلام چینی کی برج، جیپور میں ماہر و مشہور ادیب ناظم المعهد الإسلامي العربي حضرت مولانا حماد کریمی ندوی دامت برکاتہم العالیہ کی آمد پر بعد نماز ظہر تا عصر "دورِ حاضر میں اہل علم کے لیے عربی تکلم کی ضرورت و اہمیت اور اس پر بآسانی عبور کا طریقہ کار" کے عنوان پر ایک اہم ترین محاضرہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں وقت کی قلت کے باعث محض فون اور واٹس ایپ پر دعوت دینے کے باوجود طلباء و اساتذہ جامعہ سمیت شہر کے مزید چار بڑے اداروں کے عربی درجات کے اساتذہ و طلباء نے نہایت شوق و رغبت کے ساتھ شرکت کی۔ تقریباً 3 بجے قاری مظہر الاسلام صاحب کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا، عزیزم محمد رضاء بن قمر عالم نے نعت پاک پیش کی، نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے احقر نے ابتداً حضرتِ والا، ان کے والد گرامی اور رفقاء سفر کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی اختصار کے ساتھ طلبہ و اساتذہ کے سامنے حضرتِ والا کا تعارف پیش کرکے نہایت ہی ادب و احترام سے حضرت والا کو دعوت اسٹیج دی۔ مولانا نے تقریبا 45 منٹ نہایت ہی پرکشش انداز میں عربی زبان کی فضیلت و اہمیت اس کے حصول اور اس پر عبور کے طریقہ کار کے عنوان پر پرمغز خطاب کیا، خصوصا طلبہ کے گوشِ گزار کیا کہ کسی بھی زبان کو سیکھنے کے چار طریقے ہیں 1 سننا 2 بولنا 3 پڑھنا 4 لکھنا اور بولنا صرف بولنے سے آتا ہے۔ حضرت کے والد گرامی جناب حضرت مولانا شرف عالم قاسمی ہی المعہد کے بانی و روح رواں ہیں۔ اور حضرت مولانا حماد کریمی صاحب کی شہرت و مقبولیت کا اصل سرچشمہ ہیں جن کی نالہ نیم شبی، حسن تربیت، علمی و ادبی ذوق نے آپ کے فرزند ارجمند کو کم عمری ہی میں افقِ علم پر افتاب و مہتاب بنا کر چمکا دیا، ہم نے بصد احترام حضرت سے چند منٹ ناصحانہ کلمات ارشاد فرمانے کی درخواست کی جسے آپ نے شرف قبولیت سے نواز کر اپنے ظریفانہ مخصوص انداز میں مختصر مگر جامع باتیں ارشاد فرمائی۔ آخر میں اساتذہ مدارس کو قریب کرکے حضرت مولانا حماد کریمی دامت برکاتہم نے طلبہ میں عربی تکلم کا ذوق پیدا کرنے سے متعلق اپنے تجربات کی روشنی میں درج ذیل چند باتوں کی جانب خصوصی توجہ دلائی: 1 عربی ادب کی کتابوں کی تدریس میں تجدد 2 دیگر فنون کی کتابوں کی تدریس میں خوبصورت تعبیرات کی جانب نشاندہی 3 تکلم پر عبور کے لیے روزانہ 15 منٹ کسی بھی عنوان پر گفتگو عصر کی نماز کے بعد اساتذہ جامعہ نے درخواستِ دعا، سلام، مصافحہ و معانقہ کے ساتھ مہمانان کرام کو رخصت کیا۔ راقم السطور: محمد ابرار قاسمی

Comments